پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کی چھوٹی بہن علیشبا انجم کا پہلا ڈیبیو سانگ ’عشق‘ ریلیز ہونے کے تین دن بعد بھی یوٹیوب پر ٹرینڈنگ میں سرفہرست رہنے میں کامیاب ہوگیا۔
بڑی بہن کے نقشِ قدم پر چلنے والی ٹک ٹاک ماڈل علیشبا انجم نے بھی اپنی اداکاری کا آغاز گلوکار و کمپوزر سرمد قدیر کی میوزک ویڈیو کے ذریعے کیا ہے۔
علیشبا انجم اور سرمد قدیر کے اس نئے گانے کا نام ’عشق‘ ہے جوکہ تین روز قبل یعنی 22 جنوری کو ہی ریلیز ہوا ہے۔
ٹک ٹاک اسٹار کے اس ڈیبیو سانگ کو تحریر اور کمپوز سرمد قدیر نے کیا ہے جبکہ اس کے پروڈیوسر بھی وہ خود ہی ہیں۔
سرمد قدیر اور علیشبا انجم کے اس گانے میں ایک ایسی کہانی کی منظر کشی کی گئی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکے کو پہلی نظر میں ہی ایک خوبصورت لڑکی سے محبت ہوجاتی ہے۔
اس گانے کو ریلیز ہوئے ابھی صرف تین دن ہی ہوئے ہیں اور اب تک ایک اعشاریہ 9 ملین افراد نے یہ گانا سُن لیا ہے۔
دوسری جانب گانا ’عشق‘ یوٹیوب ٹرینڈنگ کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔
اس سے قبل گزشتہ سال جنت مرزا نے بھی سرمد قدیر کے گانے ’شاعر‘ سے اپنا ڈیبیو کیا تھا جسے پاکستان سمیت سرحد پار بھی خوب مقبولیت ملی تھی۔
واضح رہے کہ علیشبا انجم جنت مرزا کی چھوٹی بہن ہیں، بڑی بہن کی طرح اُنہیں بھی پاکستان بھر میں خوب مقبولیت مل رہی ہے۔
علیشبا انجم کے ٹک ٹاک پر 10 ملین یعنی ایک کروڑ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ جنت مرزا اس وقت 13 ملین فالوورز کے ساتھ پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار ہیں۔