پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کی چھوٹی بہن علشبہ انجم بھی اپنی پہلی میوزک ویڈیو کے ذریعے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
بڑی بہن کے نقشِ قدم پر چلنے والی ٹک ٹاک ماڈل علیشبا انجم بھی اپنی اداکاری کا آغاز گلوکار و کمپوزر سرمد قدیر کی میوزک ویڈیو کے ذریعے کرنے جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار و کمپوزر سرمد قدیر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 2021 کی اپنی پہلی میوزک ویڈیو کا پوسٹر شیئر کیا ہے۔
سرمد قدیر کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر میں اُن کے ہمراہ جنت مرزا کی چھوٹی بہن علیشبا انجم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
گلوکار نے پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’رواں ماہ 22 جنوری کو اُن کا نیا گانا ’عشق‘ ریلیز ہونے جا رہا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’یہ اُن کی 2021 کی پہلی میوزک ویڈیو ہے جبکہ علیشبا انجم اس ویڈیو کے تحت اپنی اداکاری کا ڈیبیو کررہی ہیں۔‘
سرمد قدیر نے بتایا کہ ’اس گانے کا نام ’عشق‘ ہے، جسے اُنہوں نے خود پروڈیوس، تحریر اور کمپوز کیا ہے۔‘
گلوکار نے مزید کہا کہ ’اس سے قبل جنت مرزا نے اُن کے گانے ’شاعر‘ سے اپنا ڈیبیو کیا تھا جسے پاکستان سمیت سرحد پار بھی خوب مقبولیت ملی تھی۔‘
واضح رہے کہ علیشبا انجم جنت مرزا کی چھوٹی بہن ہیں، بڑی بہن کی طرح اُنہیں بھی پاکستان بھر میں خوب مقبولیت مل رہی ہے۔
علیشبا انجم کے ٹک ٹاک پر 10 ملین یعنی ایک کروڑ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ جنت مرزا اس وقت 12 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار ہیں۔