گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی حکومت گرانے کی خواہش ان کے دل میں ہی رہ جائے گی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی، اس دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن اپنی تسلی کر لےکہ عمران خان ہی 2023 تک وزیر اعظم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر محاذ پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم اب محفوظ راستے کی تلاش میں ہے، عوام منتخب حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ساتھ نہیں ہے۔
چوہدری سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم دیکھے گی سینیٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف جیتے گی۔
دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے مسائل حل کر نے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پر قوم کو مکمل اعتماد ہے، اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔