• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم میں جتنی جماعتیں، اتنے ہی بیانیئے ہیں: گورنر پنجاب


پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کہتے ہیں کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں جتنی جماعتیں ہیں اتنے ہی بیانیئے ہیں۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم عدم اعتماد کا سوچنے سے پہلے سینیٹ والی تحر یکِ عدم اعتماد کا فیصلہ یاد رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر ناکام اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر بھی ناکام ہی ہو گی، پی ڈی ایم میں کوئی جماعت دوسری جماعت پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں۔

چوہدری سرور نے کہا کہ استعفے دیئے، نہ لانگ مارچ کیا، نہ ہی اب پی ڈی ایم تحریکِ عدم اعتماد لا سکے گی، وزیرِ اعظم عمران خان کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ اپنی سیاست کیسے بچائیں؟ اپوزیشن کے پاس حکومتی مینڈیٹ تسلیم کرنے کے سوا اب کوئی آپشن نہیں ہے۔


گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مڈٹرم انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عام انتخابات آئینی مدت پوری ہونے سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہوں گے۔

چوہدری محمد سرور کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئینی مدت پوری کرنا تحریکِ انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے، حکومت نے اپنی کامیاب معاشی پالیسیوں سے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

تازہ ترین