پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نالائقوں، نااہلوں اور چوروں نے پاکستان کو نیلام گھر بنا دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دور میں منصوبے بن رہے تھے جبکہ نئے پاکستان میں نیلام ہورہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے قومی اثاثے گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں پاکستان کے اثاثوں میں اضافہ ہورہا تھا، شریف برادران نےکھیلوں کےمیدان اورپارکس آباد کیے اور یہ نیلام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے موٹرویز، پارک، اسپتال، ہوائی اڈے بنائے، عمران صاحب ان سب کو گروی اور نیلام کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ’سب بیچ دے‘ کے ایجنڈے پر کاربند ہیں، قومی اثاثے جس احمقانہ طریقے سے گروی رکھ رہے ہیں، کوئی محب وطن ایسا نہیں کرسکتا، ایف 9 پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ حکومت کو معلوم ہے کہ وہ قرض ادا نہیں کرسکے گی، قرض دینے والے ان اثاثوں کو فروخت کرکے کھربوں کمائیں گے، قوم کو پتہ چلنا چاہیےکہ مشکوک عمل میں کس کی جیب میں کتنے پیسے جارہے ہیں؟
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اثاثے گروی رکھنے کے ایجنڈے پر عمل کے لیے عمران صاحب کو فارن فنڈنگ ہوئی، غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ کے اثرات آج پاکستان کے ہر شعبے میں دیکھے جاسکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آج کے حالات گواہی دے رہے ہیں کہ عمران صاحب کو کیوں ملک پر مسلط کیا گیا؟ کیوں اربوں روپے عمران صاحب کی جیب میں ڈالے گئے؟