• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تا حدّ ِ نگاہ برف زار اس کے سامنے تھا۔برف کی سفید چادر نے فراز کوہ سے لے کر وادی کے نشیب تک کو ڈھانپ رکھا تھااوردُور تک خاموشی سی پھیلی تھی، اٹل، بے کنار خاموشی۔پیڑوں کی شاخیں ، پتّےبھی رُوئی کے گالوں سے ڈھکے تھے۔سامنے بلند و بالا پہاڑ مکمل طور پر سفید ہو چُکے تھے۔اسے کوہِ سفید کا وہ سلسلہ یوں لگا ،جیسے کئی عظیم الجثّہ دیوزاد ،سفید سوتی چادر یں اوڑھے شدید سردی سے بچنے کی کوشش کر رہے ہوں۔کبھی کبھار ٹھٹھری ہوئی ہوا کا جھونکا آتااور پیڑوں کی شاخیں اس کی زَد پہ لہراتیں تو ان شاخوں اور پتوں پہ ٹھہری برف نیچے گر کر زمین پہ پھیلی سفیدی میں کہیں گُم ہو جاتی۔اس برف زار کی خاموشی میں ہوا کی یہ سر سراہٹ اسے بہت پُراسرار معلوم ہورہی تھی۔ 

کبھی کبھار وہ اپنے گھر کے سامنے بیٹھ جاتا اور دیر تک ان پہاڑوں کو تکتا رہتا۔اسے اس ’’جنّت ‘‘سے بہت پیار تھا۔ کبھی ان پہاڑوں کے پار نہیں گیا تھا، ان برف پوش بلندیوں کے پار جو دنیا تھی ،وہ اس کے لیے اجنبی تھی اور شاید برف کی چادر میں لپٹے گھروں کی یہ ایک چھوٹی سی دنیا، جس میں وہ رہتا تھا، باقی ساری دنیا کے لیے بھی اجنبی اور نامانوس ہی تھی۔ وہ جب ان برف زاروں پہ نگاہ ڈالتا توان دیوازدوں کے یہ نقرئی مجسمّے اس کی آنکھوں میں خوشی کی ایک اَن جانی سی چمک بھر دیتے تھے۔

فردوس عالم اس فردوس بریں، کشمیر میں پیدا ہوا تھا، جسے وہ اپنی خوش قسمتی سمجھتا تھا کہ لوگ اس بے مہر دنیا میں پیدا ہوکریہاں کی سختیاں جھیل کر ،نیک اعمال کرکے جنّت کے حق دار ٹھہرتے ہیں، جب کہ اس نے توآنکھیں ہی ایک جنّت نظیر وادی میں کھولی تھیں۔ سو، اس سے بڑی خوش قسمتی اور کیا ہو سکتی تھی، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فردوس عالم اور اس جیسے کئی لوگ اس جنّت میں پیدا ہونے، رہنے کی قیمت اپنے خون سے چُکا رہے تھےکہ ستّر ، پچھّتر برس سے ان کی جنّت پر آسیب کا سایہ تھا۔

اس کا بچپن اپنے بابا کی انگلی تھامے وادی کی سیر کرتے گزرا تھا۔وہ ہر روزاپنے بابا کی انگلی پکڑے بستی کے باہر پھیلے سبزہ زار کی طرف نکل جاتا ’’فردوس !وہ دیکھو تتلی ۔‘‘ عالم گیر ، اپنے لختِ جگر کو کشمیر کے چپّے چپّے، اس کی خوب صُورتی سے رُوشناس کروانا چاہتے تھے،ان کی دلی خواہش تھی کہ یہاں امن قائم ہوجائے۔ وہ پورے محلّے میں تحمّل مزاجی، نرمی و انکساری کے سبب مشہور تھے۔ ننّھےفردوس کواس سبزہ زار میں دَوڑتے بھاگتے ،کھیلتے کودتے زندگی ایک قوسِ قزح لگتی۔

وہ اس ست رنگی کمان پہ سوار خود کو آسمان کی آغوش میں گُم ہوتا محسوس کرتا۔ اس چمن زار میں تتلیاں اُڑانیں بھرتیں ،تو لگتا جیسے سات رنگ ہواؤں پہ رقص کر رہے ہیں۔ایک روز وہ تتلی کے پیچھے پیچھے بھاگا اور بھاگتے بھاگتے بابا سے بہت دُور نکل گیا۔تتلی بھی اُڑتے اُڑتے کہیں پھولوں میں گُم ہو گئی، پھر جب اُس نے مُڑ کر دیکھا تواحساس ہوا کہ بابا تو ہیں ہی نہیں۔ ’’بابا…!! بابا…!! کہاں ہیں آپ؟ ‘‘اُس نے چاروں طرف گھوم کے آوازیں دینی شروع کر دیں۔

ایک دبیز خاموشی اور خاموشی کے سحر کو توڑتی اس کی اپنی ہی آواز، اس کا دل دہلا دیتی۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس کا خوف بڑھتا جا رہا تھا۔ وہ بدحواس ہو کر اِدھر اُدھر دیکھ رہا تھا، کبھی جھاڑیوں میں جھانکتا ،کبھی درختوں کے تنوں کے پیچھے دیکھتا، مگر اسے بابا کہیں نظر نہیں آ رہے تھے۔اس کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے، رخسار ٹماٹر جیسے سرخ ہوگئے۔ وہ ایک پتھر پہ بیٹھ گیااور سِسکیاں لے لے کر رونا شروع کر دیاکہ اچانک کسی نے اپنے دونوں ہاتھ اس کی آنکھوں پہ رکھ دئیے۔ 

ہر طرف جیسےاندھیرا چھا گیا۔ خوف کی ایک سرد لہر اس کے تن بدن میں پھیل گئی ، چہرے کارنگ ہلدی کی طرح زرد پڑ گیا۔ اگلے ہی لمحے کسی نے آنکھوں سے ہاتھ ہٹا کے اُسے بازؤں میں بھر لیا۔’’بابا…‘‘ وہ اچانک خوشی سے چِلّایا۔ چہرہ دَمکنے لگا۔ ’’کیا ہوا اتنے ڈرے سہمے ہوئےکیوں ہو؟ میرے بیٹے! تم نے جس دھرتی پہ جنم لیا ہے، یہاں جینے کے لیے اتنا کم زور دل نہیں ہونا چاہیے۔ اس سر زمین پہ زندہ رہنے کے لیے شیر کا جگر اورموت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مُسکرانے کا ہنر آنا چاہیے۔لوگ جینے کے لیے پیدا ہوتے ہیں، لیکن کشمیر کے بیٹے، اس دھرتی پر مر مٹنے کے لیے جنم لیتے ہیں۔ 

یاد رکھو! کشمیری ڈرتا ہے، نہ ظلم کےآگے جُھکتا ہے۔‘‘ عالم گیرکے لبوں پہ ایک اداس سی مُسکراہٹ تھی۔ فردوس نے آنسو پونچھتے ہوئےکہا’’ بابا! مَیں کشمیر کا بہادر بیٹا ہوں۔ آئندہ کبھی آپ میرے چہرے پر خوف نہیں دیکھیں گے۔‘‘ اور پھر دونوں باپ، بیٹا ہنستے کھیلتے گھر لَوٹ گئے۔اُس نےسبزہ زار پہ بہاروں کے رنگ،گرمیوں کی دوپہروں کی چمک اور سردیوں کی برفانی سفیدی بابا کی انگلی پکڑےدیکھی تھی۔بابا میں تو جیسے اُس کی جان تھی ،خوب لاڈ اُٹھاتے،جن کھلونوں پہ ہاتھ رکھتا ،اس کے سامنے لا کے ڈھیر کر دیتے۔فردوس کے لیے زندگی رنگ ، بہار ، نغمہ، گیت تھی۔

ایک دن فردوس ماں کے ہاتھ کے بُنےاُونی کپڑے پہنے حسبِ معمول بابا کا ہاتھ تھامے میدان کی طرف نکلا ۔ وہ دونوں بستی کی گلی سے نکل کر بڑی سڑک پہ آئے، سڑک کے ساتھ ہی اُترائی میں میدان تھا ،وہ پگڈنڈی پہ چل رہے تھے کہ پیچھے ٹرکوں کے انجنزکا ناپاک شور بلند ہوا۔ٹرک ان کے پیچھے رُک گئےاور فوجیوں کے اُترنے کی آوازیں ،ان کے بوٹوں کی چاپ سُنائی دینے لگی اورٹرکوں کے دھویں نے وہ دل کش منظر دُھندلا دیا۔ ’’ہینڈز اَپ‘‘ فوجیوں نے ان کے قریب پہنچ کے بندوقیں تان لیں اور گلا پھاڑ پھاڑ کر گالیاں دینے لگے۔’’سر!یہی وہ دہشت گرد ہے،جس کی ہمیں تلاش تھی۔‘‘ سپاہی نے عالم گیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میجر کو مخاطب کیا۔

عالم گیر ،جنہوں نے زندگی میں کبھی اسلحہ ،بارود کو ہاتھ تک نہ لگایا تھا،جن کا کام صرف اور صرف محبتیں بانٹنا تھا ،انہیں بھارتی فوجیوں نے ایک ہی پَل میںدہشت گرد قرار دےدیا ۔’’سر !یہ تو وہ شخص نہیں، یہ تو کوئی اور معلوم ہوتا ہے۔‘‘ بندوق تانے ایک سپاہی نے کہا۔’’بے وقوف، ہمیں دہشت گرد نہیں، بس ایک لاش چاہیے، جسے دہشت گرد قرار دے سکیںاورلاش تو لاش ہوتی ہے، وہ اپنے دفاع میں کیا کہے گی، اس پہ جو چاہے ٹیگ لگا دو۔‘‘پھر ایک فوجی نے فردوس کو ایک جانب کھینچااور میجر کی پستول نے پہلے ایک گولی اُگلی پھر باقی بھارتی سپاہیوں نےبرف پہ گِرے عالم گیر پہ دھڑادھڑ گولیاں برسانی شروع کردیں۔بارود کی ناگوار بُو ہر طرف پھیل گئی۔ جہاں بابا گِرے تھے، وہاں برف کا رنگ سفید سے سُرخ ہونا شروع ہوگیا تھا اور پھر… دیکھتے ہی دیکھتے فردوس کی آنکھوں کے سامنے وہ سارے کا سارا برف زار سُرخ ہو گیا۔

اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھاتا چلا جا رہا تھا۔بس، اُس دن کے بعد اس کے لیےان پہاڑوں پہ کسی آسیب نے بسیرا کر لیا تھا۔وہ جب کبھی ان سفید پہاڑوں کو غور سے دیکھتا تو وہ اس کی آنکھوں کے سامنے دودھیا رنگ سے سُرخ ہو تے چلے جاتے۔ وہ اپنے خیالات میں ایسا گُم ہوتا کہ دھیرے دھیرے اس کے بابا کے خون کی سُرخی پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی، اس کی جنّت کا ہر منظر خونم خون ہو جاتا ، یہاں تک کہ اُسے جگ اور گلاس میں رکھا پانی تک خون نظر آنے لگتا۔ 

فردوس کو اس چھوٹی سی پہاڑی بستی کے گلیاروں میں دو طرفہ بنی نالیوں تک میں خون بہتا نظر آتا۔اُسے لگتا، جیسے یکا یک وادی کا سکون تہس نہس ہو گیا ہے۔ گھر کے باہر، گلیوں، بازاروں میں اچانک بھارتی فوج نمودار ہو گئی ہے،ان کے ٹرکوں کےسائلینسرز سے نکلتا غلیظ دھواں وادی کی پاک فضا میں زہر گھول رہا ہے۔ انجنز کا شور گنگناتی ہوا کی البیلی روح زخمی کر رہا ہے۔

وقت گزرتا گیا ، فردوس بڑا ہوگیا اورمقبوضہ کشمیر کے حالات بد سے بد تر ہوتے چلے گئے،اتنے خراب کہ بھارتی فوجی گلیوں میں دندناتے پھرتے، معصوم کشمیریوں کے دروازے پیٹتے،گلا پھاڑ پھاڑ کر گالیاں دیتے، بلا وجہ فائرنگ کرتے ، اتنی فائرنگ کہ بارود کی کریہہ بو گلی کُوچوں میں پھیل جاتی۔چند لمحوں میں جنّت کا منظر جہنم میں بدل جاتا۔لوگوں کی چیخ و پکار ، آہ و بکادَرو دیوار سے ٹکراتی ، تونوجوان فردوس عالم کی آنکھوں کے سامنے بابا کے بہیمانہ قتل کاوہ منظر ،جو سفید سے خون رنگ ہوا تھا، سیاہ ہو نا شروع ہو جاتااور ایک گھٹا ٹوپ اندھیرا ہر سُو پھیل جاتا۔ 

اُسے لگتا، جیسے وہ یک دَم اندھا ہو گیا ہے۔اس کی آنکھیں کسی نے نکال لی ہیں، اُسے کچھ دِکھائی دیتا، نہ وہ کچھ کہنے کے قابل رہتا۔بارود کی بُوسےاس کا دَم گھٹنے لگتا ،لوگوں کی چیخیں اتنی بلند ہوتیں کہ یوں لگتا، کانوں کے پردے ابھی پھٹ جائیں گے۔اس کے آنکھوں کے سامنے بابا کی خون میں لت پت لاش آجاتی۔ مایوسی کے ان تاریک ترین لمحوں میں جب اُسے لگتا کہ اُس کا دَم گُھٹ جائے گا۔ ایک سرد موت اسے اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور اس کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کر جائے گی ، تو اسے اپنے بابا کی وہ بات یاد آجاتی کہ ’’کشمیری شیر دل ہوتے ہیں، وہ کسی سے ڈرتے ہیں، نہ ظلم کے آگےجُھکتے ہیں۔‘‘ بس پھر یہ باتیں مایوسی کی تاریک رات میں چودھویں کا چاند ثابت ہوتیں،اماوس کی وہ رات ایک لمحے میں پورن ماشی کی رات میں بدل جاتی۔

اس ماہ ِشب چار دہم کا نور اس کی آنکھیں روشن کر دیتا۔اس کے دل کے نہاں گوشے اُمید کی روشنی سے جگمگا اُٹھتےکہ اس کے بابا سمیت معصوم کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائےگا۔ ایک نہ ایک دن یہ تاریک رات، آزادی کی صبح میں ضرور بدلے گی۔ پھر بارود کی بُو ختم ہو جاتی، چیخیں تھم جاتیں، دل قرار پالیتا،ٹرک غائب ہو جاتے، فوجی بُوٹوں کی آواز تھم جاتی ،گولیوں کی آوازوں پہ پرندوں کی چہچہاہٹ غالب آجاتی، ان برف زاروں کی سرد ہوا آزادی کے نغمے الاپنے لگتی اور وہ آنکھوں میں’’ آزادیٔ کشمیر‘‘ کے دیے روشن کیے گھر کی طرف چل دیتا۔

بذریعہ ڈاک ملنے والی ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے قلم کار

٭نیکی کبھی رائیگاں نہیں جاتی، شہزادہ بشیر محمّد نقش بندی، میر پور خاص٭دادی جان، سیّدہ غزالہ زرّیں،مقام نہیں لکھا٭اچھی بات، شری مُرلی چندگوپی چندگھوکلیہ، شکار پور ، سندھ٭چھوٹی سی بات،دینی ماحول، مسز فراز، کراچی ٭چناب کے ساحلوں سے لپٹی ایک رومانی داستان، مصباح طیّب، سرگودھا ٭ صبر و قناعت،شکر گزاری سے مسائل کا حل، افروز عنایت، مقام نہیں لکھا٭خون پینے والا نیا اسمارٹ فون، علی احمد جعفری، کراچی٭کرشمۂ کارساز وہی تو ہے، شہناز حمید، راول پنڈی٭ایک سرد رات کی کہانی، لیاقت مظہر باقری، کراچی۔

ناقابلِ اشاعت کلام اور ان کے تخلیق کار

غزل، محمّد ریاض ، کراچی٭آزادیٔ کشمیر، معین قریشی بریلوی، کراچی٭ایک خلش، سمیر سیف، کراچی ٭دُعا، آج کا انسان، وقت لوٹ کر نہیں آتا، کیا فرق رہا، اُمیدِ وفا، تمنّائے محبّت، خاموش محبّت ، زوالِ محبّت، سدرہ مبین معظّم بیگ، شیخوپورہ ٭ کوروناسال 2020اور ہم،ڈاکٹر عائشہ فیصل، لاہور٭میرے قائد، سیّد شاہ عالم زمرّداکبر آبادی، راول پنڈی٭ارطغرل غازی، عبد المعید،مقام نہیں لکھا ٭ یہ سال نیا،ایسا یہ سال دے، نون- الف، گرین ٹاؤن ،پاک پتن٭ شہرِ قائد، غزل،ایم جے ساحلؔ رومانی، اسلام آباد٭بے نظیر کی برسی پر چند قطعات، صغیر فرخ آبادی، کراچی٭غزل، فرید احمد، کراچی٭نعت، یادیں تمہاری، دُعا، شہناز حمید، راول پنڈی ٭نعت، نایاب گُل،مقام نہیں لکھا٭غزل، قدیر راناؔ، راول پنڈی۔

تازہ ترین