اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمودکاافغان وزیرخارجہ سے رابطہ، خطے میں امن کیلئے مشاورت پر اتفاق کیا گیا،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہےکہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ایک نادر موقع تصورکرتا ہے۔ ان مذاکرات کا نتیجہ خیزہونا خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیرہے۔ یہ بات شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف اتمر کیساتھ ٹیلی فونک بات چیت میں کہی۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاک افغان سرحدی علاقے میں بارڈر مارکیٹ کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے دو طرفہ معاہدے کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے پرامن، جامع اوردیرپا حل کا خواہشمند ہے۔ پاکستان نے امریکہ اورطالبان امن معاہدے سے متعلق مشترکہ ذمہ داری کے تحت مصالحانہ کردارادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے بات چیت میں معمولی جرائم کی پاداش میں افغان جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔