پشاور(وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے پی ڈی اے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ پر تجاوزات قائم کرنے پر بیشتر افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر نے پی ڈی اے افسران کے ہمراہ رنگ روڈ پر چارسدہ روڈ تا پیر زکوڑی پل تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغا ز کیا۔اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران رنگ روڈ / سروس روڈ پر تجاوزات قائم کرنے پر 22افراد کو گرفتار کر تے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ دکانوں سے باہر تجاوزات قائم نہ کریں اور اپنی حدودمیں رہیں۔بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے افسران کو اپنے علاقوں میں دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔