• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے جے یو آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا




پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے اس ضمن میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔

دائر کی گئی درخواست میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے ٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حافظ حسین احمد نے مولانا فضل الرحمٰن کے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن سمیت کئی رہنما دونوں ممالک کا متواتر دورہ کرتے تھے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے خلاف الیکشن ایکٹ کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو فارن فنڈنگ ہوتی رہی ہے، انہوں نے ڈی آئی خان اور دیگر شہروں میں جائیدادیں بنائی ہیں، فضل الرحمٰن بتائیں ان کو چندہ کہاں سے آیا؟

انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد کے انکشافات پر الیکشن کمیشن نوٹس لے، فضل الرحمٰن کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات ہونی چاہیئے، فارن فنڈنگ لینے والے آج اکٹھے ہو گئے ہیں، فضل الرحمٰن کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ رسیدیں دیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آج اکبر ایس بابر نے یو ٹرن لے کر دوبارہ کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، لگتا ہے ان کا ایزی لوڈ ختم ہو گیا تھا، اب ایزی لوڈ ہو گیا تو وہ آ گئے ہیں، امید کرتا ہوں کہ اب وہ روتے ہوئے نہیں جائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد متعدد ٹی وی شوز پر آ کر اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن کو فنڈنگ ہوتی رہی ہے، 19 جماعتوں کو 24 تاریخ کے لیے نوٹس جاری ہوا ہے، الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو بھی بلا لیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حافظ حسین احمد ٹی وی ٹاک شوز پر کہہ رہے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام نے فارن فنڈنگ لی ہے، مولانا خان محمد شیرانی کو بھی بلا لیا جائے، مولانا فضل الرحمٰن کے اپنے لوگوں نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے، مولانا کو بتانا ہو گا کہ اُن کو فنڈنگ کہاں سے ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن رسیدیں الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، ہم نے الیکشن کمیشن میں تمام ثبوت جمع کر دیئے ہیں، درخواست میں جے یو آئی کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے ٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین