• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM خودکش حملے میں ختم ہوچکی، استعفوں پریوٹرن لے لیا، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہاہے کہ PDMخودکش حملے میں ختم ہوچکی،استعفوں پریوٹرن لےلیا،ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہاکہ ہم ملک کیلئے لڑنے اورشہادتیں دینے والے فوجی جوانوں کی ماؤں کے قرضدار ہیں،دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ سیاستداں کرپشن میں بری طرح لتھڑے ہوئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم حکومت اور فوج کے ایک پیج پر ہونے کی بات کرتے ہیں وہ آئین میں درج پارٹنرشپ ہے،ہم سول ملٹری اداروں نے جو کامیابیاں حاصل کیں اس حوالے سے ایک پیج پر ہونے کی بات کرتے ہیں، ادارے ایک پیج پر تھے اسی لئے فیٹف میں پاکستا ن نے پیشرفت کی،آج حملہ ہوتا ہے تو سول ملٹری قیادت یک زبان ہوتی ہے کہ بھارت پاکستان میں حملے کروارہا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضمانت ہے، آج مغربی میڈیا ہمارا بیانیہ لے کر چل رہا ہے یہ سول ملٹری پارٹنرشپ کی کامیابی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ آئین پر عمل کرنا صرف افواج پاکستان پر نہیں سب کا فرض ہے،پی ڈی ایم کل کے خودکش حملے میں ختم ہوچکی ہے، استعفوں پر یوٹرن لے لیا ہے سینیٹ الیکشن اور ضمنی الیکشن لڑنے جارہے ہیں۔

ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ موجودہ صورتحال خوشگوار صورتحال نہیں ہے،ہم ملک کیلئے لڑنے اور شہادتیں دینے والے فوجی جوانوں کی ماؤں کے قرضدار ہیں، ان کی شہادتوں اور قربانیوں کیخلاف بات کرنے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔

تازہ ترین