سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جب ہم عوام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں تو یہ این آر او کا کہتے ہیں، این آر او کو اپنے پاس رکھو۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آج بچے اسکولوں میں اور اساتذہ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ہر سیکٹر کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، منہگائی اور بیروزگاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تو وہ بھی سابقہ حکومت کا مسلئہ قرار دیا گیا۔
اپنے دور حکومت کی بات کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بجلی 4 روپے فی یونٹ تھی، کیا آج عام آدمی آسانی سے بجلی کا بل بھر سکتا ہے؟
رہنما پی پی پی نے کہا کہ یہ نااہل اور نکمے پن کا دور ہے، ان کے پاس مانگے ہوئے لوگ ہیں جن کا کوئی سیاسی واسطہ نہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ جب ہم عوام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں تو یہ این آر او کا کہتے ہیں، یہ این آر او کو اپنے پاس رکھو۔