• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو خود پر اعتماد نہیں، ہواؤں میں قلعے بنا رہی ہے، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماوٴں کوخودپراعتمادنہیں،ہواوٴں میں قلعے بنارہی ہے،

ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ سینیٹ انتخابات قریب آتے ہی وزیراعظم ناراض رہنماوٴں سےملاقاتیں کررہے ہیں،پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضٰی وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوسکتی ہے۔

درخواست گزارفارن فنڈنگ کیس اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف نے جعلی دستاویزات جمع کرائی ہیں۔رہنماپاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ہواوٴں میں قلعے بنارہی ہے۔

پی ڈی ایم رہنماوٴں کو خود پر اعتماد نہیں ہے۔آرپارکرنے والے جگہ جگہ رسواہورہے ہیں ۔

دوبڑی جماعتیں کرپشن کا پیسہ بچانے کیلئے ہاتھ پاوٴں مار رہی ہیں،انہیں صرف پاپڑ اورفالودے والے کی فکر ہے ۔اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لا کر شوق پورا کرلے ان میں حکومت گرانے کی سکت نہیں پی ڈی ایم کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ کسی طرح ان کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہ لی جائے ۔

وزیراعظم یا اسپیکر سے اراکین پارلیمان کا ملنا اچھی بات ہے اگر کسی کے تحفظات ہیں تو دور کریں گے ۔نون لیگ کیخلاف فیصلے دینے والے تمام ججز کومتنازع قرارنہیں دیا جاسکتا ،پاناما کیس میں فیصلہ دینے والے ججز کیخلاف لیگی قیادت نے انتہائی خراب زبان استعمال کی ۔ایسا نہیں ہوسکتا کہ عدالتی فیصلے نون لیگ کی مرضی کے مطابق ہوں ۔

پرویز مشرف سے نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے این آراو لیا اس دور میں تیس ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوئی جس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوا۔

رہنما مسلم لیگ نون میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی لائی جاسکتی ہے ۔وزیراعظم اب مسلسل اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔

سینیٹ انتخابات قریب آتے ہی وزیراعظم ناراض رہنماوٴں سے بھی پے در پے ملاقاتیں کررہے ہیں۔جب تک اشارے وزیراعظم کے ساتھ ہیں ہماری تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونا مشکل ہے۔ 

نیب اور براڈ شیٹ کے درمیان جو معاہدہ ہوا اسے عوام کے سامنے لایا جائے ۔براڈ شیٹ سے متعلق تحقیقات کیلئے ٹی اوآر طے کئے جائیں ۔جسٹس(ر) عظمت سعید متنازع شخصیت ہیں انہیں تحقیقات کاحصہ نہیں بننا چاہئے ۔

رہنما پیپلزپارٹی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوسکتی ہے ۔ہم نے پرویز مشرف کو گھر بھیجا سیاست ممکنات کا کھیل ہے ۔

پی ڈی ایم کی مقبولیت بڑھ رہی ہے اس لئے حکومت دباوٴ میں ہے اختر مینگل چھوڑ کر چلے گئے ،مسلم لیگ ق ناراض ہے ،پرویزالہٰی حکومت کیخلاف بات کررہے ہیں ،حکومتی صفوں میں کئی اراکین اسمبلی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

تازہ ترین