• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی فوجی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے لگے

فوٹو: مڈل ایسٹ آئی
فوٹو: مڈل ایسٹ آئی

اسرائیلی فوجی بیرون ممالک سفر کرنے سے قبل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے لگے۔

مڈل ایسٹ آئی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ اور لبنان میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت گرفتاری کے خوف سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر نا شروع کردیے۔

رپورٹس کے مطابق درجنوں اسرائیلی فوجی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، جیسے فیس بک اور انسٹاگرام، ڈیلیٹ کر رہے ہیں۔

برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں اگلے ماہ ہونے والے کارنیول میلے میں شرکت کرنے کیلئے جانے والے اسرائیلی فوجیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن نے اسرائیلی فوجیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر مواد کو استعمال کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کیے گئے مظالم کے شواہد جمع کیے۔

فاؤنڈیشن نے سوئیڈن، برازیل اور اٹلی میں اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے، جن میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے دوران جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے اعمال کے الزامات شامل ہیں۔

اس حوالے سے اسرائیلی چینل 12 سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اسرائیلی فوجی کا کہنا تھا کہ ہمیں خوف ہے کہ برازیلی حکام فلسطینی تنظیموں کی جانب سے دائر کردہ مقدمات کے بعد ہمیں گرفتار کر لیں گے، جس سے ہماری پوری چھٹی خراب ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ برازیل کی ایک عدالت میں اسرائیلی فوجی کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ درج ہونے پر وہ رات کے اندھیرے میں برازیل سے فرار ہو گیا تھا۔

فلسطینی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن کی جانب سے برازیل میں چھٹیوں پر آئے ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف یہ شکایت درج کروائی گئی تھی کہ یہ اسرائیلی فوجی غزہ میں عام شہریوں کے گھر گرانے میں شامل تھا، اِس پر اسرائیلی فوجی کو عدالت نے تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

ہند رجب فاؤنڈیشن کس کے نام پر قائم ہوئی؟

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہند رجب فاؤنڈیشن بیلجیئم میں قائم ایک تنظیم ہے جو ایک فلسطینی بچی کے نام پر قائم کی گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہند رجب نام کی ایک بچی کہ 2018ء میں قابض اسرائیلی فوجیوں نے قتل کر دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید