• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن،بڑے اسکینڈل کی طرف اشارہ، حماداظہر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہوکر شواہد رکھیں گے اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات میں اپنا حصہ نہیں ڈالا تو بڑی خرابی پیدا ہوجائے گی، پی ڈی ایم تحریک اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کیخلاف چلنے والی پہلی تحریک ہے، لانگ مارچ ہو یا استعفے پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی تو سب عمل کریں گے، چیئرمین نیب کسی کو چور کہنے سے قبل اپنے گریبان میں بھی جھانک لے، غلط آدمی کو چیئرمین نیب لگانے پر میں معافی مانگتا ہوں،براڈ شیٹ کیس میں نیب کے تین چیئرمین پھنستے ہیں، عمر ایوب کا بجلی مہنگی ہونے کا ذمہ دار ن لیگ کی حکومت کو قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔وفاقی وزیر صنعتی و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ اس سال وقت سے پہلے چینی درآمد کر کے قیمتیں نیچے لے کر جائیں گے، یوٹیلٹی اسٹورز سے عوام کو ایک حد تک ہی ریلیف دیا جاسکتا ہے،یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین اور ایم ڈی کے ایک دوسرے پر مالی الزامات ثابت نہیں ہوسکے، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا بورڈ ختم کر دیا ہے عارضی بورڈ کام کررہا ہے سستی گیس کی سہولت واپس لینے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی پر برا اثر نہیں پڑے گا۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان میں چیئرمین ،ایم ڈی اور چیف فائنانشل آفیسر کے الزامات نے بحرانی کیفیت پیدا کردی ہے، اس حوالے سے دستاویزات ایک بہت بڑے اسکینڈل کی طرف اشارہ کررہے ہیں، 31دسمبر 2020ء کو چیف فائنانشل آفیسر حمود الرحمٰن نے ایم ڈی پر کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزامات لگائے ہوئے کہا کہ غیرمعیاری چاول، دالوں، گھی، آئل اور چینی کی زیادہ قیمت پر خریداری کی گئی، بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے باوجود چاول، دالوں، آٹے، چائے کی پتی اور چینی کی خریداری کے معاہدے کیے گئے، ایم ڈی نے تعیناتیوں، ٹرانسفرز، فائنانس اور آڈٹ ڈیپارٹمنٹ میں بورڈ آف ڈائریکٹر کی ہدایات کی سنگین خلاف ورزیاں کیں۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا، مزدور ، کسان، طلباء، سرکاری ملازم حکومتی پالیسیوں پر مظاہرے کررہے ہیں، ، پی ڈی ایم کے جلسوں میں حکومت کی مجموعی کارکردگی، معیشت اور مہنگائی پر بات ہوتی ہے، آج ہر شخص احتجاج کررہا ہے مگر کوئی ان کی سننے والا نہیں ہے، اقتدار کا حصہ بننے کیلئے سودا نہیں کریں گے، عوام کے پاس جاکر انہیں فیصلے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات میں اپنا حصہ نہیں ڈالا تو بڑی خرابی پیدا ہوجائے گی، پی ڈی ایم تاریخ کی واحد تحریک ہے جس میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی عنصر شامل نہیں ہے، پی ڈی ایم کی تحریک اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کیخلاف چلنے والی پہلی تحریک ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مرکز اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کی بات کی ہے، ن لیگ کہتی ہے ہمیں عدم اعتماد کے معاملہ میں اس اسمبلی کا حصہ نہیں بننا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لانگ مارچ ہو یا استعفے جب پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی تو سب عمل کریں گے۔

تازہ ترین