اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کی بحالی، تنازعات سے بچائو اورپائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کثیرالقومی تعاون کے لئے پر عزم ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے قیام امن فنڈ کیلئے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے قیام امن فنڈ میں 25 ہزار ڈالر عطیہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہد اقوام متحدہ کی قیام امن کیلئے کاوشوں کے لئے ہماری سیاسی، افرادی اور مالی مدد جاری رکھنے کے عزم کو عیاں کرتا ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ فوجی اور پولیس دستوں کی سب سے بڑی تعداد دینے والے ملک کے طور پر پاکستان کوقیام امن کی اقوام متحدہ کی کوششوں کی تاریخ پر فخر ہے۔