• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان 378 پر آؤٹ، جنوبی افریقا کیخلاف 158 رنز کی برتری حاصل

جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگ میں چائے کے وقفے تک 84 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے، اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 74 رنز درکار ہیں۔

جنوبی افریقا کی گرنے والی پہلی وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی جب ایلگر 29 رنز بنا کر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف 158رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگ میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو 323 کے مجموعی اسکور پر حسن علی 21 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

حسن علی کو آؤٹ کرکے ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔

پاکستان کی جانب سے دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ پر موجود نعمان علی کا ساتھ دیا اور تیز رفتاری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔

پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نعمان علی تھے، انہیں 24 رنز پر مہاراجہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

یاسر شاہ نے 4 چوکوں کی مدد سے 37 بالز پر ناٹ آؤٹ 38 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگ کی خاص بات فواد عالم کے 109 رنز تھے، فہیم اشرف نے 64 اور اظہر علی نے 51 رنز بنائے۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز تو تباہ کن رہا اور 27رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد فواد عالم اور اظہر علی ڈٹ گئے، اظہر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن فواد کی شاندار اننگز جاری رہی، دوسرے اینڈ سے رضوان 33 بناکر آؤٹ ہوئے۔

فواد عالم نے ٹیسٹ کیرئیر میں اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔


میچ میں پاکستان کے ٹیل اینڈرز نے بھی عمدہ بیٹنگ کی، دسویں وکٹ پر نعمان علی اور یاسر شاہ نے  55 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا اسکور 378 تک پہنچا دیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا اور مہاراج نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 220 رنز بناسکی تھی۔

تازہ ترین