• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی اجرک ڈیزائن کی مہندی کی تعریفیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات جاری ہیں ۔بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز 25 جنوری سے ان کی سالگرہ کے موقع پر ہوا اور ابتدائی طور پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی کی شادی کی تقریبات میں وہ تمام رسومات ادا کی جا رہی ہیں، جو سندھی و بلوچی خاندانوں کی شادیوں میں ادا کی جاتی ہیں۔بختاور بھٹو کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کو ہوئی اور اگرچہ انہوں نے تاحال مہندی کی تقریب کی کوئی تصویر یا ویڈیو جاری نہیں کی تاہم ان کے ہاتھ پر لگائی گئی مہندی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بختاور بھٹو کی مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون کے ساتھ بھی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مہندی کی تصویر کو ابتدائی طور پر پیپلز پارٹی کے رکن اور سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو نے اپنی مختصر ویڈیو اور ٹوئٹ میں شیئر کیا تھا۔جب کہ مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون کے ساتھ وائرل ہونے والی تصویر کو شرمیلا فاروقی نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا تھا۔وائرل ہونے والی تصویر میں بختاور بھٹو کے ہاتھ پر اجرک کے ڈیزائن سے مشابہہ مہندی کی ڈیزائن کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اجرک کے ڈیزائن کی طرح بنائی گئی مہندی کے بعد بختاور بھٹو زرداری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور ان کے مہندی کے ڈیزائن کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ بختاور بھٹو کے ہاتھ پر اجرک کے ڈیزائن کی مہندی کراچی کی مہندی ڈیزائنر ام کلثوم نے لگائی تھی، جنہیں خصوصی طور پر بلاول ہاؤس مدعو کیا گیا تھا۔بختاور بھٹو کی جانب سے اجرک کے ڈیزائن کا مہندی لگوانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ شادی کے جوڑے میں اجرک کو بھی اپنا حصہ بنائیں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔بختاور بھٹو کی مہندی کے موقع پر ان کی والدہ بینظیر بھٹو کی مہندی کی تقریب کی تصاویر کو بھی شیئر کیا جا رہا ہے اور بختاور سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی اپنی مہندی کی تصاویر یا ویڈیو شیئر کرے۔یاد رہے کہ بختاور بھٹو کا نکاح 29جنوری جب کہ شادی کی ایک تقریب 30جنوری کراچی میں بلاول ہاؤس میں ہوگی۔

تازہ ترین