پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختون خوا نے سینٹرل پنجاب کو 7 شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
گزشتہ روز کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں سنچری (132) اسکور کرنے والے صاحبزادی فرحان نے ایک بار پھر سنچری جڑ دی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں خیبرپختونخوا کے کپتان خالد عثمان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر طیب طاہر کے 67، قاسم اکرم کے 50 اور رضا علی ڈار کے 48 رنز کی بدولت 47 اوورز میں 239 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
خیبر پختون خوا کی طرف سے آصف آفریدی نے 39 رنز کے عوض 5 اور محمد عمران نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
فائنل میں 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے گزشتہ روز سیمی فائنل میں 127 رنز کی شراکت بنانے والی اوپننگ جوڑی صاحبزادہ فرحان اور مصدق احمد کو میدان میں اتارا۔
دونوں نے پہلی وکٹ پر 69 رنز کی شراکت قائم کی، مصدق احمد 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد صاحبزادہ فرحان کا ساتھ دینے کے لیے امیر عظمت کیریز پر پہنچے۔
دونوں کھلاڑی دوسری وکٹ پر اسکور 135 تک لے گئے، اس موقع پر امیر عظمت 45 رنز کی اننگز کھیل کر میدان چھوڑ گئے، انہیں ظفر گوہر نے بولڈ کیا۔
تیسری وکٹ پر افتخار احمد آئے، انہوں نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اسکور 204 رنز تک پہنچادیا اس موقع پر افتخار احمد 40 رنز بناکر پویلین پہنچ گئے۔
اس کے بعد میچ کے ناقابل شکست سنچری میکر صاحبزادہ فرحان کا ساتھ دینے کے لیے عادل امین میدان میں اترے اور وہ دونوں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے کےبعد ہی لوٹے۔
واضح رہے کہ سیزن کے تینوں فارمیٹ کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹس میں خیبر پختون خوا فاتح رہی ہے۔