بختاور بھٹو زرداری کی شادی کا جوڑا تیار کرنے والی ڈیزائنر وردہ سلیم کا کہنا ہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کا عروسی جوڑا تیار کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر مختلف پوسٹس شیئر کیں جس میں انہوں نے کہا کہ بختاور بھٹو کے خاص دن کا حصہ بن کر خوشی ہوئی بلاشبہ یہ ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو نے اپنی شادی کی تقریب میں سنہری لباس زیب تن کیا تھا جس میں وہ انتہائی پرکشش دکھائی دیں۔
کہا جارہا تھا کہ بختاور بھٹو نکاح کے موقع پر اپنی والدہ کے نکاح جیسا لباس پہنیں گی تاہم ان کا لباس والدہ سے تھوڑا سا مختلف و منفرد تھا۔
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور کے نکاح کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں، میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتدا کی مبارک ہو- ماشاءاللہ !