• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینیل پرل کیس، عمر شیخ کو جیل سے سرکاری ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ

عمر شیخ کو جیل سے سرکاری ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ


اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قتل میں ملوث ملزم احمد عمر شیخ کی رہائی روکنے سے متعلق سندھ حکومت کی استدعا ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے احمد عمر شیخ کو فوری طور پر کال کوٹھڑی (ڈیتھ سیل )سے نکالنے اور سرکاری ریسٹ ہائوس میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ احمد عمر شیخ کو کراچی سرکاری ریسٹ ہاؤس میں آرام دہ رہائش دی جائے، اس حوالے سے دو دن میں تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں، دو دن تک احمد عمر شیخ کو جیل کے اندر عام بیرکس میں آرام دہ ماحول میں رکھا جائے، احمد عمر شیخ کو ریسٹ ہاؤس میں باہر کی دنیا سے رسائی کی سہولت نہ ہو، ریسٹ ہاؤس میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات نہ دی جائیں،کشمیر ڈے احمد عمر شیخ کو اپنی فیملی کے ساتھ ریسٹ ہاؤس میں گزارنے دیا جائے، احمد عمر شیخ کے خاندان کو سرکاری خرچ پر ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے، سرکاری ریسٹ ہائوس میں اہل خانہ صبح 8 سے شام 5 بجے تک احمد عمر شیخ کیساتھ رہ سکیں گے۔ عدالت عظمی نے قرار دیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا کہ احمد عمر شیخ رہائی کے بعد فرار ہو سکتا ہے، احمد عمر شیخ کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سکیورٹی انتظامات کرنا آسان ہوں۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کیلئے مہلت دینے کی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت اپیل دائر کر سکتی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل کے دلائل پر وفاقی حکومت سے ملزم احمد عمر شیخ کی دہشت گردوں سے رابطے کا ثبوت طلب کرلیا۔منگل کو جسٹس عمر عطا ابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزم احمد عمر شیخ کی رہائی کیخلاف حکم امتناعی کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ا ٹارنی جنرل نے خالد جاوید خان نے موقف اپنایا کہ احمد عمر شیخ عام ملزم نہیں بلکہ دہشت گردوں کا ماسٹر مائنڈ ہے اور عوام کیلئے خطرہ ہے، ریاست سمجھتی تھی احمد عمر کیخلاف ڈینئل پرل قتل مضبوط کیس ہے، احمد عمر لندن اسکول آف اکنامکس میں زیر تعلیم رہا، احمد عمر شیخ کوئی معمولی مجرم نہیں، پاکستانی قوم گزشتہ 20 سال میں دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوئی، سانحہ مچھ جیسے واقعات دنیا میں کہیں نہیں ہوئے، احمد عمر شیخ پاکستان کی عوام کیلئے خطرہ ہیں، وفاق اور سندھ حکومت کو ایسے دہشت گردوں کی رہائی پر تشویش ہے، چند دن پہلے بھی افواج پاکستان کے جوان دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، احمد عمر اور دیگر ملزمان کو رہا کیا تو غائب ہو جائیں گے، زمینی حقائق تقاضہ کرتے ہیں کہ ملزمان کی رہائی کے احکامات معطل کیے جائیں۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری نہیں کیا تھا اور نہ ہی سندھ ہائیکورٹ میں وفاقی حکومت کی نمائندگی تھی، سندھ ہائی کورٹ میں وفاق کی نمائندگی نہ ہونے کا اعتراض نہیں اٹھایا۔

تازہ ترین