• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس کا 27 سال بعد عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

دنیا کی معروف آن لائن کمپنی ایمیزون نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر (سی ای او) جیف بیزوس رواں برس کے آخر تک اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد جیف بیزوس ایمیزون کے ایگزیکٹیو چیئرمین بن جائیں گے جبکہ ایمیزون کے ویب سروسز چیف سی ای او کی جگہ اینڈی جیسی لے لیں گے۔

جیف بیزوس 27سال قبل کمپنی کے قیام سے لے کر اب تک سی ای او کے عہدے پر فائز  رہے۔

کہا جارہا ہے کہ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اب کمپنی کے میڈیا اور خلائی پروگراموں سے متعلق بعض اہم منصوبوں پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں اسی لیے اس عہدے سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

جیف بیزوس نے اپنے ملازمین کو لکھے گئے خط میں کہا کہ وہ اب دیگر اہم معاملات میں مصروف رہیں گے تاہم یہ فیصلہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے نہیں ہے۔

جیف بیزوس کی ملکیت اور اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 200 ارب ڈالر ہے اور فی الوقت وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

بیزوس نے 27 سال قبل ایمیزون کو ایک آن لائن کتابوں کی دکان کی حیثیت سے قائم کیا تھا اور آج ایمیزون کے پلیٹ فارم سے کوئی بھی چیز حاصل کی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین