اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ جمہوریت میں کہاں ہوتا ہے کہ سیاسی نوعیت کے معاملات عدالتوں میں آئیں، ہم نے اپنے فیصلوں میں لکھا ہے کہ یہ عدالت ایسے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، یہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایات جاری نہیں کرسکتی، اسمبلی کی عزت و توقیر کا خیال رکھتے ہوئے نوٹس جاری نہیں کر رہے۔ عدالت نے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیلئے دائر درخواست پر درخواست گزار وکیل کی طرف سے متفرق درخواست کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی۔ بدھ کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لئے رانا تنویر حسین کی درخواست کی سماعت کی۔