بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے دن پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیاں، مظاہرے اور مختلف پروگراموں میں کشمیری عوام کی جرأت کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
مظفر آباد میں 10 بجے سائرن بجا کر 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزادی چوک پر مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہارِ یکجہتی کیا۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے داخلی راستوں پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔
کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی طویل طرین زنجیر بنائی گئی، اس موقع پر سائرن بجایا گیا جس کے بعد 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی طویل ترین زنجیر بنانے کی تقریب میں سندھ، بلوچستان، خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان کے وزراء اور طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔
میر پور میں منگلا پل پر ہونے والی تقریب میں 10 بجے سائرن بجا کر 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، کشمیریوں اور ملک کے دیگر علاقوں کے عوام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی۔