• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

73 سال بعد بھی کشمیر پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے، سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداروں پر کس نے عملدرآمد کرانا ہے؟، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مودی کے مظالم بند کرائے۔73 سال بعد بھی کشمیر پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے، آج بھی نواز اور زرداری حکومتوں کی پالیسیاں چل رہی ہیں۔ حکمرانوں نے بھارت کے ساتھ ’’سری نگر تمہارا‘‘’’مظفرآباد ہمارا‘‘ کی پالیسی اپنائی،عالمی اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر کشمیر پر پسپائی اختیار کی گئی۔سابقہ حکمران بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنا کر سازش کی گئی۔ مقبوضہ وادی میں مظلوم و بے کس کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ گرائے جارہے ہیں مگر پاکستان کے حکمرانوں اور عالمی برادری کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ کشمیر کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں امت مسلمہ کو پکار رہی ہیں مگر ان کی آہیں کسی کو سنائی نہیں دے رہیں۔ دہلی کے فاشسٹ حکمران سن لیں کشمیر آزاد ہوکر رہے گا، مقبوضہ کشمیر کا ایک ایک چپہ ہمارا، ایک انچ زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور مال روڈ پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت زندگی کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر اس عہد کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ریلی کا آغاز دس بجے ہوا اور ساڑھے بارہ بجے کے قریب آزادی کشمیر کے لیے دعا کے بعد اس کا اختتام ہوا۔ شرکا نے پاکستان، آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی کے جھنڈے اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر آزادی کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے ایک دفعہ پھر عالمی برادری کو یاد دلایا کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خوداردیت کے حق میں بے شمار قراردادیں پاس ہوئیں ہیں لہٰذا اسے یہ ذمہ داری ادا کرنی پڑے گی اور کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایٹمی طاقتوں روس، بھارت، چین اور پاکستان کے درمیان گھرا ہوا علاقہ ہے اور اس کے دوسری طرف افغانستان ہے جس نے دو ایٹمی طاقتوں کو شکست دی۔ عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے اور بھارت کی مقبوضہ وادی میں خون کی ہولی بند کرائے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی حقوق کی تنظیمیں بھارت پر زور دیں کہ وہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون کو ختم کرے اور وہاں استصواب رائے کرائے۔ انھوں نے اس امر پر نہایت برہمی کا اظہار کیا کہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، وہاں ہزاروں کشمیریوں پر جیلوں میں شدید تشدد ہورہا ہے۔ تمام کشمیری قیادت گھروں اور جیلوں میں قید ہے مگر دنیا کے حکمرانوں کا ضمیر بالکل مردہ ہو چکا ہے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے زیراہتمام ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور کشمیریوں کے ساتھ والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے منڈی بہاؤالدین میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری قیادت اور عوام کو مودی حکومت کے ظلم وجبر کے سامنے ڈٹے رہنے اور اپنے لہو سے آزادی کی تاریخ رقم کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

تازہ ترین