کراچی (اسٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ مردان کے ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ جدید تعلیم حاصل کئے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، وہ پیر آباد سلطان آباد اور میٹروویل میں پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق کارکنوں کی جانب سے اپنے اعزاز میں تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اے این پی ضٗلع غربی کے سابق جنرل سیکرٹری سخی سرور آفریدی، شمروز خان ایڈووکیٹ، یو سی پیر آباد کے وائس چیئرمین نور محمد آفریدی ،لیاقت علی خٹک آگااور خانہ گل آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ محمد علی شاہ (شاہ صاحب) نے کہا کہ وہ 26 سال بعد کراچی آئے ہیں اگرچہ اس دوران کراچی نے کافی ترقی کی ہے لیکن پختون اسی طرح یہاں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، مجھے یہاں کوئی علمی تحریک بھی نظر نہیں آئی جبکہ ہمارے پرانے ساتھیوں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ کراچی معین خان (معین غم پہ سر) اور فضل امین جیسے ساتھیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت سے پیدا ہونے والا خلا بھی تادیر محسوس کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پختون بندوق کے شوق کو بھلا کر تعلیم کے حصول پر توجہ دیں۔