اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہبازشریف خاندان کی 7 ارب کی منی لانڈر نگ خورد برد کا ثبوت ہے،لندن عدالت میں ابتدائی سماعت تھی،منظور پاپڑ والے اور دیگر کے اکائونٹ سے انکے اکائونٹس میں پیسے آئے، برطانوی جج نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے آرٹیکل سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شہبازشریف اور ان کا خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ، ان کی کرپشن پر لندن کی عدالت سے مہر لگے گی۔ہفتہ کو پریس کانفرنس انہوں نے کہاکہ مریم نواز اور مریم اورنگزیب دونوں جھوٹ بولتی ہیں ، شہبازشریف کے ڈیلی میل کے خلاف مقدمے کی آن لائن سماعت تھی ، سماعت کے دوران ان کے بری ہونے سے متعلق غلط رپورٹنگ کی گئی ۔ن لیگ نےپاناما کے فیصلے کی طرح مٹھائیاں بانٹنا شروع کر دیں۔ شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان ، بیرسٹر شہزاد اکبر ، ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے صرف ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز کے خلاف یہ دعویٰ دائر کیا ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ 50 فیصد اپنے دعوے سے پیچھے ہٹ گئے ۔شہبازشریف کے مقدمے کی برطانوی عدالت میں ابتدائی سماعت تھی اور عدالت نے فیصلہ کرنا تھا کہ اس مقدمے کو کس طرح لے کر آگے چلنا ہے ۔برطانوی جج نے کہا کہ اس آرٹیکل سے عام آدمی کے ذہن میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ شہبازشریف اور ان کا خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، عدالت اب اس مقدمے کی سماعت کو بڑھائے گی اور اس کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی کہ وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں یا نہیں ۔ شہبازشریف کے داماد علی عمران نے ٹیکس دہندگان کے پیسوں کی خورد برد کی ہے ، اب ڈیلی میل یہ ثابت کرے گا کہ آرٹیکل حقائق پر مبنی تھا اور اس کے پاس اس کے شواہد موجود ہیں ۔