پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس لاکر سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، حکومت کی طرف سے لایا گیا یہ آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے پارلیمان کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، سینیٹ الیکشن کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخاب سے متعلق ارڈیننس کو مسترد کردیا۔
سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے شیری رحمان کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ ترمیم کے حوالے سے کوئی ڈائیلاگ نہیں کیا، یہ آرڈیننس لاکر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
رضا ربانی نے مزید کہا یہ کس قسم کی کابینہ ہے؟ ایسی کابینہ ملک پر مسلط ہے جس کی کوئی آراء نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے تحت کام کرنے والے اداروں کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ کابینہ ایک آئینی ادارہ ہے، یہ ایک الگ بات ہے یہ کابینہ نابینہ ہے آئین نہیں پڑھ سکتی۔