پشاور(نیوز ڈیسک)ترجمان دلیپ کمار کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار اکثر پشاور اور اپنے آبائی گھر کا ذکر کرتے رہتے ہیں،پشاوردلیپ کمار کے دل میں بستا ہے،دلیپ کمار،کپورخاندان کےگھروں کےمالکان اورحکومت اتفاق سے قیمتوں کا تعین کریں،تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر پشاور میں بالی وڈ اداکار دلیپ کمار کے گھر اور کپور خاندان کی رہائش گاہ کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی خبر سے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے لیکن اس اقدام میں اب بھی کچھ رکاوٹیں موجود ہیں۔ دلیپ کمار کے ترجمان فیصل فاروقی نے انڈیا کے شہر ممبئی سے برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور گھروں کے موجودہ مالکان کو چاہیے کہ وہ مل کر باہمی اتفاق سے قیمتوں کا تعین کریں تاکہ میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔فیصل فاروقی نے پشاور میں دلیپ کمار اور کپور خاندان کے آبائی گھروں کے حوالے سے موجودہ مالکان اور حکومت کے درمیان تنازع کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جب سے حکومت پاکستان کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو محفوظ کرنے اور میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ہوا اور اس حوالے سے عملی کام کا آغاز ہوا ہے، تب سے ان فنکاروں کے چاہنے والے کافی خوش ہیں۔