قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی جنوبی افریقا کے خلاف زبردست سنچری اسکور کرنے پر اُن کے لیے سوشل میڈیا پر تعریفی پیغام جاری کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’محمد رضوان نے سنچری اسکور کرکے جنوبی افریقا کے خلاف پریشر ہونے کے باوجود بھی شاندار اور اعلیٰ معیار کی اننگز کھیلی۔‘
شاہد آفریدی نے بالر حسن علی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حسن علی نے بھی زبردست باؤلنگ کی۔‘
سابق کپتان نے مزید کہا کہ ’پاکستان کو یہ میچ جیتنا چاہیے کیونکہ تمام لڑکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘
دوسری جانب راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر آج کے سنچری میکر محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو کی اور اپنی سنچری کے پیچھے کے راز سے پردہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا تھا کہ مجھے میچ میں سنچری اسکور کرنے سے متعلق یاسر شاہ نے چیلنج دیا اور حوصلہ افزائی کی۔
محمد رضوان نے مزید کہا تھا کہ یاسر شاہ نے مجھ سے کہا کہ 50 رنز تو میں بھی کرلیتا ہوں، اگر تم آج سنچری کرو تو بیٹسمین مانوں گا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ آخری دن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ، پاکستان کو جیتنے کے لیے 7 وکٹیں جبکہ جنوبی افریقا کو مزید 235 رنز درکار ہیں۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کو آخری بار 2003 ء میں ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پاکستان موجودہ سیریز دو صفر سے جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔