• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کیخلاف JUI کی سپریم کورٹ میں درخواست


سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کا معاملہ، جمیعت علماء اسلام پاکستان (جے یو آئی) نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

جمیعت علماء اسلام پاکستان کی جانب سے درخواست کامران مرتضیٰ اور جہانگیرجدون ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صدر کے جاری کردہ غیر آئینی اور غیر قانونی آرڈیننس کا نوٹس لیا جائے اور الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کو فی الفور کالعدم اور بدنیتی پر مبنی قرار دے کر خارج کیا جائے۔

الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کے خلاف دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرینس کے دوران آرڈیننس جاری کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے پارلیمنٹ اور عدلیہ کے اختیارات کو پامال کیا اور آئین کو روند ڈالا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات کو خود استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، زیر سماعت مقدمے میں صدر کا آرڈیننس جاری کرنا پارلیمنٹ، آئین اور قانون کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

جمیعت علمائے اسلام نے موقف اختیار کیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس ایک ایسی سیاسی جماعت کے کہنے پر جاری کیا گیا جو سینیٹ الیکشن میں شکست کھا رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ترمیمی آرڈیننس کا مقصد عدالتی کارروائی، پارلیمنٹ اور آئین انڈر مائن کرنا ہے۔

تازہ ترین