• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ آرڈیننس، سپریم کورٹ متنازع ہوسکتا ہے، فوج کا بیان خوش آئند، بلاول بھٹو

سینیٹ آرڈیننس، سپریم کورٹ متنازع ہوسکتا ہے، بلاول بھٹو


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس سے سپریم کورٹ بھی متنازع ہوسکتا ہے،فوج کا بیان خوش آئندہ ہے کہ سیاست میںکردار نہیں ہونا چاہئے ، حکومت سندھ اوپن بیلٹ کے متعلق صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرے گی ، سلیکٹڈ حکومت میچ فکس کرنے کی کوشش کررہی ہے، الیکشن منتازع ہوئے تو ردعمل شدید ہوگا۔ وہ بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرمرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری، صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ ، سعید غنی اور دیگربھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو نے حکومت پر سینیٹ کے انتخابات متنازع بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح عام انتخابات کو متنازع بنایا گیا، سینیٹ انتخاب کو بھی متنازع بنایاجارہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اداروں کا سیاست میں کردار نہ ہو،اگر ان کا کوئی سیاسی ونگ ہے تو اسے بند کرنا چاہیے اگرسینیٹ انتخابات متنازع بنانے کی سازش کامیاب ہوئی تو جمہوریت پر بڑا حملہ ہوگا،انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر خدانخواستہ الیکشن متنازع ہوئے تو اس کا شدید ردعمل ہو گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے غلط قدم اٹھایا، امید ہے کہ حکومتی سہولت کار بھی اسے سمجھیں گے، یہ ایک غلط روایت رکھی جا رہی ہے جس سے مستقبل میں ملک کو نقصان ہوگا، حکومت پہلے سمجھ رہی تھی کہ انہیں سینیٹ میں فری ہینڈ ملے گا لیکن جب اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تو حکومت پریشان ہوگئی، حکومت کو اپنے ارکان پارلیمنٹ پر اعتماد ہی نہیں اس لیے اسمبلی میں بل لے آئی، حکومت کو اوپن بیلٹ کے لیے آئین میں ترمیم کرنی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ نیب حکومتی اتحادیوں کے خلاف بھی بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے لیکن حکومت کو بتانا چاہتا ہوں آپ کے ممبران آپ کے خلاف اوپن ووٹ دینے کو تیار ہیں، اوپن بیلٹ میں ہم خفیہ بیلٹ سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کریں گے کیوں کہ حکومتی ایم پی ایز اور ایم این ایز ناراض ہیں۔

تازہ ترین