کراچی (ٹی وی رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج کچھ وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بلاک پر حملہ کیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس بلاک پر حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے والے وکلاء کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں 4 خواتین سمیت 34 وکلاء کو نامزد کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد وکلاء کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ وکلاء کیخلاف الگ سے توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ملوث وکلاء کے لائسنس معطلی کیلئے اسلام آباد بار کونسل کو ریفرنس ارسال کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ پردھاوے کا مقدمہ تھانہ رمنا میں وکلاء کے خلاف درج کیا گیا جس میں چیف جسٹس بلاک میں توڑ پھوڑ پر 34 وکلاء کو نامزد کیا گیا۔ مقدمہ سیکیورٹی انچارج اسلام آباد ہائیکورٹ محمد حیات کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں وکلاء کے خلاف دہشت گردی سمیت کئی دفعات شامل ہیں۔