• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اداکارہ، ماڈل، گلوکارہ اور میزبان وینا ملک نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

گزشتہ روز وینا ملک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جو کسی جنگل کی لگ رہی ہے جبکہ تصویر پر انگریزی زبان میں ’آف لائن‘ بھی درج ہے۔


’آف لائن‘ کا مطلب ہے کہ وہ کچھ دن کے لیے انسٹاگرام پر متحرک نہیں رہیں گی۔

اس کے علاوہ وینا ملک نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ TakingBreak کا بھی استعمال کیا جسے دیکھ کر یہ واضح ہوگیا ہے کہ وہ کچھ دن کے لیے انسٹاگرام سے بریک لے رہی ہیں۔

وینا ملک نے انسٹاگرام سے بریک لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم اُن کی یہ پوسٹ دیکھنے کے بعد اُن کے مداح تشویش کا اظہار کررہے ہیں کہ آخر کس وجہ سے اُنہوں نے انسٹاگرام پر عارضی دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے اپنے ہی بچے اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

گزشتہ سال اسد خٹک نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘

اداکارہ و میزبان وینا ملک شوہر کے سنگین الزامات کے بعد میدان میں آئیں اور کہا کہ قانون اور شریعت کی رو سے25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی میرے پاس ہے۔

اداکارہ نے 2017 میں اسد خٹک سے طلاق لی، انہوں نے طلاق نامہ بھی شیئر کیا۔

 دوسری جانب اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک کےخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

اداکارہ وینا ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق شوہر میرے خلاف میڈیا پر جھوٹے الزامات عائد کررہا ہے، جھوٹے الزامات میری شہرت کو متاثر کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔

تازہ ترین