بریڈفورڈ (پ ر) استاذ العلما مفتی ثناء اللہ محدث مدنی کی وفات سے علمی دنیا میں بہت بڑا خلا واقع ہوگیا ہے جسے پر ہونے میں بڑا لمبا عرصہ درکار ہوگا، مولانا حافظ عبدالاعلیٰ درانی ناظم نشر واشاعت مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نے کہا کہ شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ محدث دوران حافظ عبداللہ روپڑی اور عرب کے مشہور محدث الشیخ الالبانی اور امام ابن باز مفتی سابق دیار سعودیہ مفسر الشیخ شنقیطی الشیخ عمر فلاتہ الشیخ عبدالمحسن ابن عباد وغیرہ کے خاص شاگردوں میں سے تھے۔ مولانا عبدالاعلٰی نے کہا محدث مدنی حافظ ثناء اللہ علم و عمل میں روشنی کا مینار تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ احسان الہی ظہیر ڈاکٹر صہیب حسن جیسے بڑے بڑے فضلاء ان کے کلاس فیلو تھے، انہوں نے مدینہ یونیورسٹی سے فراغت کے بعد جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں دس سال اور جامعہ لاھور الاسلامیہ گارڈن ٹاؤن میں تیس سال تک تدریسی خدمات سرانجام دیں اور ایک لمبا عرصہ منصب شیخ الحدیث پر فائز رہے ۔شیخ الحدیث محدث مدنی کی وفات پر ان کے رفیق کار ڈاکٹر صہیب حسن ، مولانا محمد ابراہیم میرپوری، صدر حافظ حبیب الرحمن سیکرٹری جنرل مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ مولانا عبدالہادی العمری ، مولانا شیر خان جمیل، مولانا شفیق الرحمن شاہین، ڈاکٹر عبدالرب ثاقب، مولانا عبدالستار عاصم، مولانا حمود الرحمٰن شرق پوری، ڈاکٹر خرم بشیر، برادر افتخار، مولانا حفیظ اللہ مدنی سمیت تمام علما مرکزیہ نے دلی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت و بلندی درجات کی دعا کی ۔