• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں کورونا سے ہلاکتیں 5لاکھ سے بڑھ گئیں

پیرس (اے ایف پی، جنگ نیوز) یورپی یونین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی، غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ممالک میں صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ برطانوی سائنس دانوں نے کورونا وائرس کی نئی قسم B.1.1.7 کی ایک تبدیل شدہ شکل کو ’’تشویشناک‘‘ قرار دے دیا ہے۔ تبدیل شدہ یہ وائرس اضافی ’میوٹیشن‘ کی نشاندہی کر رہا ہے، جو جنوبی افریقہ اور برازیل میں پایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تغیر شدہ انفیکشن یا وائرس ویکسینیشن کے باوجود انسانوں کے وائرس کے خلاف کمزور مدافعتی رد عمل کا ذمہ دار ہے۔ E484K نامی وائرس کی یہ شکل اب تک برطانیہ میں نہیں دیکھی گئی تھی۔ کورونا کی یہ تبدیل شدہ قسم دوسری اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو عالمی وقت کے مطابق 12 بجے تک کورونا سے یورپ میں مجموعی ہلاکتیں 5 لاکھ ایک ہزار 531 ہوگئی جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 5 لاکھ 48 ہزار 666 ہوگئی۔ 3فروری سے لیکر 9 فروری تک پورے یورپ میں یومیہ اوسطاً ایک لاکھ 3 ہزار 250 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے جو کہ یورپ میں اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں سامنے آنے والے کیسز سے 16 فیصد کم ہیں۔ اسی طرح اس عرصے میں یورپ میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار 137رہی جو سات فیصد کم تھی۔

تازہ ترین