بھارتی کامیڈین کنگ کپل شرما نے اپنی بیٹی کا نام’انائرا شرما‘ رکھ دیا۔
بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین کنگ کپل شرما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیٹی کی دو تصاویر شیئر کیں جس میں ایک تصویر میں اُنہوں نے اپنی بیٹی کو گو د میں لیا ہوا ہے، اُن کے ساتھ اُن کی اہلیہ بھی ہیں جبکہ دوسری تصویر میں صرف اُن کی بیٹی ہے۔
کپل شرما نے اِن تصاویر کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے دل کے ٹکڑے سے ملاقات کریں۔‘
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ Gratitude بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہوتا ہے کہ کسی کا شُکر گُزار ہونا۔
یاد رہے کہ کپل شرما کی جانب سے پہلی بار اُن کی بیٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں اِس سے قبل کپل شرما کی بیٹی کی تصویر پہلی بار دو روز قبل اُن کے کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تھی جس کے کیپشن میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’ہمارے پیارے کپل شرما اپنی بیٹی کے ساتھ۔‘
واضح رہے کہ کپل شرما کے گھر گزشتہ سال 9 دسمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کی خبر اُنہوں نے اپنے مداحوں کو ٹوئٹر پر دی تھی، اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’خدا نے ہمیں بیٹی سے نوازا ہے، ہمیں آپ کی دُعاؤں کی ضرورت ہے۔‘
بھارتی کامیڈین کنگ کپل شرما کی شادی دسمبر 2018 میں گینی سے ہوئی تھی۔