• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ کیخلاف سنچری، رضوان نے ریکارڈ بک میں نام درج کروادیا

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچری اسکور کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروادیا۔ 

محمد رضوان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں 64 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

سنچری بنانے کے ساتھ ہی محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

اسی طرح محمد رضوان پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بھی ہیں۔ 

محمد رضوان اپنی سنچری کے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دنیائے کرکٹ کے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین بن گئے۔ 

وکٹ کیپر بیٹسمین سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنائی تھی۔

انھوں نے 2014 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کے خلاف 111 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

خیال رہے کہ محمد رضوان نے اپنی اس سنچری کے ساتھ پاکستان میں کسی بھی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

ان سے قبل پاکستانی میدانوں میں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس تھا۔

انھوں نے اپریل 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 97 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

محمد رضوان نے اپنی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے جو ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں کسی بھی پاکستانی کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

ان سے قبل احمد شہزاد اور محمد حفیظ اننگز میں 6، 6 چھکے لگا چکے ہیں۔ 

اسی طرح محمد رضوان نے جنوری 2020 کے آغاز سے اب تک 8 سے زائد ففٹی پلس اسکور بنائے، جن میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں، جو اس عرصہ کے دوران کسی بھی وکٹ کیپر بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور ہیں۔

تازہ ترین