پاکستان کی مشہور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے پی ایس ایل ترانے پر تنقید کرنے والوں کو کسی مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کی اپنی رائے ہے لیکن ایسا لگتا ہے ترانے کو بدنام کرنے کے پیچھے کوئی مہم چل رہی ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں حدیقہ کیانی نے کہا کہ ’لوگ پی ایس ایل 6 کو ترانے کو لے کر اتنی نفرت کیوں پھیلا رہے ہیں۔ ہمیں اب اس بلاوجہ کی نفرت کو ختم کرنا چاہئے۔‘
گلوکارہ نے کہا کہ ’پروڈکشن، گلوکاری، موسیقاری، ویڈیو غرض کہ ہر طرح سے ترانہ شاندار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گانے کو پسند نہ کرنا اور گانے سے نفرت کرنا دو الگ چیزیں ہیں، سب کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے اس ترانے کے خلاف کوئی مہم چل رہی ہو۔‘