• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں کورونا اموات 5 لاکھ سے بڑھ سکتی ہیں: جو بائیڈن

امریکا کے صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھنے کا خدشہ ہے۔

امریکی صدرجوبائیڈن کا جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کورونا ویکسینیشن پروگرام انتہائی بری حالت میں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائنس دانوں نے ریکارڈ وقت میں کورونا وائرس کی ویکسین کی دریافت کے لیے اپنا کام کیا، جبکہ ٹرمپ نے کورونا ویکسی نیشن پروگرام سے متعلق اپنا کام نہیں کیا۔

جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگلے ماہ تک امریکا میں کورونا سے اموات کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھنے کا خدشہ ہے، امریکا جولائی تک 300 ملین عوام کیلئے کورونا ویکسین ممکن بنا لے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 4 لاکھ 86 ہزار 922 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 80 لاکھ 2 ہزار 240 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 95 لاکھ 84 ہزار 499 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 20 ہزار 407 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 79 لاکھ 30 ہزار 819 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔


دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 83 لاکھ 35 ہزار 282 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 23 لاکھ 79 ہزار 806 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 54 لاکھ 13 ہزار460 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 99 ہزار 988 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 8 کروڑ 3 لاکھ 92 ہزار 737 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین