کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں سینیٹ انتخابات کیلئے 222 کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے تاہم کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے پہلے روز صرف پیپلز پارٹی کے ایک امیدوار نےنامزدگی فارم جمع کرایا ، جی ڈی اے کے صدر الدین راشدی اور تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا کیلئے کاغذات حاصل کرلیے گئے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج (ہفتہ )آخری دن ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن شیڈول کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 12 اور 13 فروری کا دن مقرر کیا گیا تھا مگر پہلے دن صرف پیپلز پارٹی کے صادق میمن کا فارم جنرل نشست کیلئے جمع کرایا گیا، ان کے تجویز و تائید کنندہ رکن سندھ اسمبلی شبیر بجارانی اور گھنور اسران ہیں۔ اسکے علاوہ رکن سندھ اسمبلی نند کمار نے جی ڈی اے کے امیدوار صدر الدین راشدی کیلئے فارم حاصل کیا اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا کیلئے نامزدگی فارم لے لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کے رہنما شبیر بجارانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صادق میمن ٹھٹھہ سے تعلق رکھتے ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے امیدواروں کا چنائو کیا ہے، سینیٹ الیکشن میں محنت کررہے ہیں اور محنت سے ہی کرامات ہوتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وفاق کی حکومت ٹوئٹ پر چلتی ہے، وفاق کو سارے پاکستان کی چھوڑ کر سندھ کی بڑی فکر ہے، وفاقی کابینہ سارے مسائل چھوڑ کر گندم پر اکھٹی ہوگئی ہے۔