• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، نارتھ ناظم آباد میں نجی اسپتال کی مبینہ غفلت سے نومولود جاں بحق


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مبینہ طور پر نجی اسپتال انتظامیہ کی غفلت سے نومولود بچی جان سے چلی گئی، بچی کے اہل خانہ نے شدید احتجاج کیا اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف تھانے میں قانونی کارروائی کے لئے درخواست جمع کرادی۔

نارتھ ناظم آباد میں شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود میں نجی اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی غفلت سے نومولود بچی جان سے چلی گئی، بچی کے والد نوید نے الزام عائد کیا کہ 7 تاریخ کو اس نے اپنی اہلیہ کو اسپتال میں داخل کیا جس کے بعد بچی کی پیدائش ہوئی ۔


بچی کے والد نوید نے بتایا کہ بچی پیدائش سے لے کر تین روز تک صحت مند تھی تاہم دو روز قبل اسپتال انتظامیہ نے بچی کی موت کی خبر سنائی، بچی کے والد نے تدفین کے بعد جب گزشتہ روز اسپتال انتظامیہ سے سمری طلب کی تو اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نوید کو زدوکوب کیا گیا اور اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ۔

اس صورتحال کے بعد نوید نے تھانہ نور جہاں میں واقعے کے حوالے سے درخواست جمع کرادی اور اسپتال کے باہر اہل علاقہ کے ہمراہ شدید احتجاج کیا جس کے بعد اسپتال کے ڈاکٹرز اسپتال بند کر کے موقعے سے مبینہ طور پر فرار ہوگئے ۔

پولیس حکام کی جانب سے جب اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کیا گیا تو اس نے آنے سے انکار کر دیا ۔

تازہ ترین