• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کو اداکار اسرانی کی موت پر دلی صدمہ

مزاحیہ اداکار اسرانی اور سلمان خان—فائل فوٹوز
مزاحیہ اداکار اسرانی اور سلمان خان—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے ’سلو بھائی‘ سلمان خان نے سینئر اداکار اسرانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں مزاح کے لیجنڈ اداکار تھے۔

گوردھن اسرانی جو اسرانی کے نام سے جانے جاتے تھے، گزشتہ روز طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بالی ووڈ کے کئی اسٹارز نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے، سلو بھائی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سلمان خان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر تجربہ کار اداکار کی ایک تصویر شیئر کی ہے اور کیپشن میں لکھا ہے کہ اسرانی جی کے گزر جانے کی خبر سن کر افسوس ہوا، وہ مسکراہٹیں بکھیرنے والے حقیقی لیجنڈ تھے۔

اکشے کمار سے لے کر عامر خان اور کئی اور اسٹارز نے بھی اسرانی کی موت پر تعزیتی نوٹ لکھے ہیں۔

منوج باجپائی نے لکھا ہے کہ اسرانی سر کی موت کی خبر سن کر دل بہت دکھا، ان کے ساتھ فلم ’دس تولہ‘ میں کام کرنا میرے لیے ایک اعزاز تھا، ان کی خوش مزاجی، شگفتگی اور عاجزی ہمیشہ یاد رہے گی، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، خاص طور پر ان کے اداکاری کے شوق اور سکھانے کے جذبے سے بے حد متاثر تھا۔

واضح رہے کہ 84 برس کی عمر میں وفات پانے والے مزاحیہ اداکار گوردھن اسرانی کی آخری رسومات سانتا کروز شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔

اسرانی کا انتقال جوہو کے آروگیا ندھی اسپتال میں ہوا، ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ منجو اسرانی، ان کی بہن اور بھتیجا شامل ہیں،جبکہ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

5 دہائیوں پر محیط طویل فلمی کیریئر میں اسرانی اپنے بے عیب مزاح اور بامعنی اداکاری کے لیے جانے جاتے تھے، انہوں نے 350 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، 1975ء کی کلاسیک فلم ’شعلے‘ میں جیل وارڈن کا کردار ادا کر کے انہوں نے ایک ناقابلِ فراموش چھاپ چھوڑی، وہ ’بھول بھلیا، دھمال، بنٹی اور ببلی 2، آر راجکمار، آل دی بیسٹ اور ویلکم جیسے پروجیکٹس میں نظر آئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید