الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیئے کے مطابق سینیٹ کے انتخابات کے لئے کاغذاتِ نامزدگی 15 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو آویزاں کی جائے گی، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اور 18 فروری کو ہوگی۔
کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق اپیل 20 فروری تک دائر کی جا سکے گی، امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔
کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہے، جبکہ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امیدواروں کو وقت کی کمی کے باعث قانونی تقاضے پورنے کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
اس سے قبل سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذاتِ نام زدگی جمع کرانے کے لیے آج تک کی مہلت دی گئی تھی۔