• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

19فروری تابعدار سے جان چھڑانے کا آخری موقع، مریم نواز

19فروری تابعدار سے جان چھڑانے کا آخری موقع، مریم نواز


ڈسکہ (جنگ نیوز، خبرایجنسی)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہےکہ ایک نااہل شخص کو بچانے کے لیے پورا نظام عدل اور عدلیہ کا وقار خطرے سے دوچار ہے۔

19 فروری کو ہونے والے الیکشن، محض الیکشن نہیں ہیں بلکہ ووٹ چوروں کے خلاف جنگ اورتابعدار سےجان چھڑانے کا آخری موقع ہے،عمران خان اکیلا نہیں، آگے آٹا چور،پیچھے بجلی چور،دائیں گیس چور، بائیں چینی چور اور نیچے ساری اے ٹی ایم ہے۔

ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آگے آٹا چور اورپیچھے بجلی چور ہیں،دائیں گیس چور، بائیں چینی چور اور نیچے ساری اے ٹی ایم ہے۔ 

نواز شریف نے 70 سال کی عمر میں 2 بار بے گناہ جیل کاٹنے کے باوجود عوام کے لیے حق کی آواز اٹھائی،جو بات نواز شریف نے تین چار سال پہلے کہی تھی، ایک ایک بات آج سچ ثابت ہوئی۔

نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان یہ تمہارے بس کا کھیل نہیں ،تمہیں خوش ہونے کی ضرورت نہیں ، یہ ایک الیکشن نہیں ہے،یہ ایک جنگ ہے جنگ، عوام مہنگائی کی شکایت کریں تو وہ کہتا ہے کہ خرچے کم کریں،بتائیں ایک کروڑ نوکریوں میں سے یہاں کس کو نوکری ملی، کیا پنجاب لاوارث نہیں ہوگیا؟ آج پنجاب رو رو کر نہ صرف نواز شریف بلکہ وارث شاہ کو یاد کرتا ہے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکریوں کی بات کرنے والا انڈے مرغیوں اورکٹے پرآگیا، نوکریاں اورگھر دورکی بات کسی کوکٹا، مرغی یا انڈا ملا ؟ 50 لاکھ گھروں میں سے کسی کو گھر ملا؟ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے بجلی کے کارخانے کھڑے کیے، اِنہوں نے میٹرو بس نہیں بنائی بلکہ سڑکوں کے بیچ کھڈے بنادیے،ایک میٹرو 6 سال میں بنائی جہاں بسیں چلتی کم جلتی زیادہ ہیں، 6 سال میں ایک میٹروبنائی اس کوبھی دھکا لگانا پڑتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو خواجہ آصف کی وہ بات بہت بری لگی جو انہوں نے پارلیمنٹ میں کہی تھی کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے،بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ہمیں نہیں، انہیں ہے جو مشکل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ تمہارے ساتھ نہیں کیونکہ تم تو لے پالک بچے ہو اور اس الیکشن میں ایک طرف نواز شریف ہے اور دوسری طرف آٹا چور،ان کا کہنا تھا کہ تابع دار بندے نے عوام کی خدمت نہیں کی بلکہ سلیکٹرز کی خدمت میں لگ گیا۔

مریم نواز نے جلسہ کے شرکا کو مخاطب کرکے کہا کہ پنجابیوں! نواز شریف اور شہباز شریف کی یاد آتی ہے؟ نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہوگیا ہے، بتاؤ پنجابیوں تمہاری روٹی چھین لی گئی یا نہیں؟ آج پنجاب رو رو کر نہ صرف نواز شریف کو یاد کرتا ہے بلکہ وارث شاہ کو یاد کرتا ہے۔انہوں نے جلسے میں شریک بی این پی کے کارکنوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور خیبرپختونخوا نواز شریف کو یاد کررہا ہے جہاں امن تباہ ہو رہا ہے، دہشت گردی دوبارہ جنم لے رہی ہے، پاک چین اقصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ بند ہوگیا، سرمایہ کاری بند ہوگئی، تو بی این پی والو! بتاؤ بلوچستان بھی نواز شریف کو یاد کررہا ہے؟

تازہ ترین