لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سرگودھا اور خضدار کے احتجاجی مظاہرے سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کے پیش نظر منسوخ کر دیئے، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تمام پارٹیاں سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کردیں۔
اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو ہمارا رخ راولپنڈی کی جانب ہوگا، تحریکوں میں جذبے لڑتے ہیں وسائل نہیں، ہم حکومت کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنادینگے، پی ڈی ایم کا اتحاد انتخابات کیلئے نہیں لیکن یہ خارج ازامکان بھی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے سرگودھا اور خضدار میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو منسوخ کر دئیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور (ن)لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے بعد کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کے پیش نظر احتجاجی مظاہرے منسوخ کردیئے جائیں، پی ڈی ایم کے زیر اہتمام 23فروری کو سرگودھا اور 27فروری کو خضدار میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو منسوخ کردیا گیا ہے۔
ٹیلی فونک بات چیت کے دوران پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جماعتیں سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کردیں، امیر جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت سینیٹ انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی تونسہ شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آبادجانے سے روکا گیا تو ہمارا رخ راولپنڈی کی جانب ہوگا، تحریکوں میں جذبے لڑتے ہیں وسائل نہیں، ہم حکومت کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنادیں گے، پی ڈی ایم کااتحاد انتخابات کےلئے نہیں لیکن یہ خارج ازامکان بھی نہیں۔