اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ عوام ملک سے نوٹوںاور لوٹوں کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں،ہمارے حکمران ورلڈ بنک، آئی ایم ایف اور امریکہ کے ایجنٹ، ان ایجنٹوں سے نجات کا وقت آگیا،گزشتہ روز وزیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن سے بچانے کے لیے سیاست دانوں کی ویکسینیشن کی ضرورت ہے،کوروناخوف ناک لیکن کرپشن ملک کے لیے اس سے بڑی بیماری ہے۔ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قرآن کی حکمرانی ہو۔ ووٹ کے ذریعے حکومت میں آ کر اس ملک میں اسلام کا نفاذ چاہتے ہیں،عوام 19 فروری کو پی پی 51 میں ترازو پر مہر لگائیں تاکہ ان مسائل سے نجات مل سکے۔سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کی بیماری نے اداروں اور معیشت کو تباہ کیا۔ قوم جانتی ہے جماعت اسلامی نے ملک کی خاطر قربانیاں دیں۔ آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانا بڑی بے وقوفی ہے،نوجوان نسل چاہتی ہے کہ اب پاکستان میں لوٹوں اور نوٹوں کی سیاست ختم ہو جائے اور حقیقی قیادت پروان چڑھے۔