• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ایک پیراہن کی ٹھنڈک دھوپ کی چادر میں تھی...

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عینی وارثی

ملبوسات: مُنوش برائیڈل کلیکشن

آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر

عکاّسی:ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

امجد اسلام امجد کی ایک بہت پیاری سی نظم ہے؎’’جانِ جاں یہ جہاں، یہ زمین آسماں…یہ مِرے رات دِن، خاک ہیں تیرے بِن…یہ مِری زندگی، دوستی، دشمنی…راستے، واسطے، سب تمہارے لیے…تم جو دیکھو تو میرے شب و روز کو …کوئی مطلب مِلے…تم جو پوچھو تو میرے ہر اِک حرف کو…کوئی رُتبہ مِلے، کوئی منصب مِلے… تم جو سوچو مِرے واسطے کچھ بھی…مَیں ستاروں کو مُٹھی میں بَھر لاؤں گا…تم اگر ایک دِن مجھ کو آواز دو…مَیں جہاں پر بھی ہوں، لوٹ کر آؤں گا…یہ مِرے جسم و جاں، میرے شعروسخن…میری تنہائیاں…بزمِ آرائیاں…اب تمہارے لیے…سب تمہارے لیے‘‘۔واقعی، جب کوئی اپنا،پیارا اپنی زندگی کا اِک اِک لمحہ آپ کے نام کردے، تو منظورِ نظرکے لیےآرایش وزیبایش کے حسین و دِل کش انداز اپنا نے میں بھلا کیا حرج ہے۔تو لیجیے، آج بہت اچھا لگنے اور نظر آنےکے لیے یہ ایک منفرد سا انتخاب آپ کے نام ہے۔

ذرا دیکھیے ،سیاہ رنگ پیراہن کس قدر حسین لگ رہا ہے۔سیاہ ٹائٹس کے ساتھ نیٹ میں سائیڈ ٹیل پیپلم ہے، جس کے گلے کے ایک جانب ریڈی میڈ بنچ خُوب جچ رہا ہے، تو آستینوں کا انداز جداگانہ ہے۔پِیچ رنگ ٹائٹس کے ساتھ آف وائٹ زمین پر انگوری، پیلے اور سُرمئی رنگوں کے تال میل میں پرنٹڈ فراک ایک عُمدہ انتخاب ہے۔ فراک کے گھیر پر ڈبل فِرل غضب ڈھا رہی ہے، تو بیل سلیوز بھی اسٹائلش لگ رہی ہیں۔

پھر سفید رنگ زمین پر سیاہ، گلابی، پیلے، جامنی اور ٹرکوائز رنگوں کے حسین امتزاج میں چیتا پرنٹ پیپلم کا دِل رُبا سا انداز ہے، تو اسی طرح سفید رنگ ٹائٹس کے ساتھ پستٔی رنگ پیپلم کا انداز بھی کچھ کم حسین نہیں۔ پیپلم کا گھیر پلین، تو باڈی اور آستینیں سیلف پرنٹڈ ہیں۔جب کہ وی گلے پرسلور زری اور گولڈن موتی کا کام خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔

ان دیدہ زیب، اسٹائلش ملبوسات میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، دیکھنے والی نظر ستائش سے نہ بھر گئی، تو کہیے گا۔

(نوٹ : 7فروری کے شمارے میں سہواً’’ماہ روز بیوٹی پارلر‘‘کے بجائے روز بیوٹی پارلر کا نام شایع ہوگیا، قارئین تصیح فرمالیں۔)

تازہ ترین
تازہ ترین