• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کیساتھ تصویر میں موجود یہ چھوٹی بچی کون ہے؟

وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ماضی کی نایاب تصویر میں موجود چھوٹی بچی کے بارے میں اہم انکشاف کردیا۔

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والے وزیراعظم عمران خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سال 1994ء کی ایک نایاب تصویر شیئر کی ہے۔


مذکورہ تصویر میں عمران خان کے ہمراہ کچھ چھوٹے بچوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جن میں سے ایک بچی نے نیلی فراک زیب تن کی ہوئی ہے۔

عمران خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ’یہ تصویر 26 سال قبل یعنی سال 1994ء میں لی گئی تھی۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’اس تصویر میں جس بچی نے نیلی فراک زیب تن کی ہوئی ہے، وہ اس وقت امریکا میں پیڈیاٹرک آنکولوجسٹ کی اپنی ٹریننگ مکمل کر رہی ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یہ رواں سال اگست میں شوکت خانم میموریل اسپتال لاہور میں بطورِ کنسلٹنٹ اپنے فرائض انجام دیں گی۔‘

وزیراعظم عمران خان کی اس معلوماتی پوسٹ کو اب تک 69 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنی والدہ کے نام پر ہی کینسر کے علاج کے لیے مشہور شوکت خانم اسپتال بنایا، عمران خان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں جبکہ ان کی 4 بہنیں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اکثر اپنے ماضی اور حال کے حسین اور خوبصورت لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

عمران خان کی تمام پوسٹس کو اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے بہت پسند کیا جاتا ہے جبکہ اُن کی ہر پوسٹ پر لاکھوں میں لائکس اور محبت بھرے پیغامات آتے ہیں۔ 

تازہ ترین