• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابرار الحق کا کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ابرار الحق نے کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان کیا ہے۔گلوکار ابرار الحق جو کہ سماجی کاموں کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں علی سدپارہ کے مشن کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔ٹوئٹر پیغام میں ابرار الحق نے علی سدپارہ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ تحریر کیا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔انہوں نے اعلان کیا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہم نے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشااللہ جلد ہی ہم اپنے ہیرو کی یاد میں ان کے گاؤں میں اسکول بنائیں گے۔خیال رہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے علی سدپارہ اور دو ساتھی کوہ پیماؤں کا نو روز بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ علی سدپارہ اور ساتھی کوہ پیماؤں کی تلاش میں ناصرف جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے بلکہ پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کے علاوہ ایف 16 طیاروں سے بھی کے ٹو کے علاقے کی سرچنگ میں مدد فراہم کی ہے۔ان کی تلاش میں آئس لینڈ کی خلائی ایجنسی نے سٹیلائٹ کی جدید ٹیکنالوجی سے علاقے کی تصاویر بنائیں اور زمینی سرچ آپریشن بھی کیا گیا لیکن علی سدپارہ اور ساتھیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔

دل لگی سے مزید