• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ کےن لیگی ایم پی اے کیخلاف نیب میں بھی فراڈ کیس زیر تفتیش ہے

اسلام آباد (عثمان منظور) سیالکو ٹ کی ضلعی عدالت نے  ن لیگی ایم پی اے کے خلاف جعل سازی  کےذریعےکنٹونمنٹ کے زیرانتظام پاک فوج کی  اراضی فروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے حکم دیا ہے۔ ن لیگی ایم پی اے کے بارے میں معلوم ہو ا ہے کہ ان کے خلاف نیب میں پہلے بھی ایک فراڈ  کیس زیر تفتیش ہے۔نیب دستاویزات کے مطابق 15 جون 2015 کو بھنڈر سرجیکل کمپنی  کے سی ای او عامر ریاض بھنڈر کی شکایت پر سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئر مین  اور  ن لیگ کے موجودہ ایم پی اے محمد اکرام کے خلاف من پسند کمپنیوں کے ذریعے ناقص مشینری کی غیر قانونی درآمد کی تحقیقات جاری ہیں۔شکایت کنندہ نے اپنی شکایت کی تصدیق کرتے ہوئے میٹل انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سنٹر سیالکوٹ کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی جس کے مطابق مشینری کی درآمد میں 30 کروڑ روپے کی خورد برد ظاہر کی گئی ہے۔جب اس ضمن میں ایم پی اے سے رابطہ کیا گیا تو  انہوں نے  نیب میں اپنے خلاف تحقیقات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج فہیم شاہد نے حلقہ پی پی122سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام سمیت میاں فیصل اکرام، میاں عبدالرحمن اور میاں عدیل رحمان کے خلاف دھوکہ دہی کی مد میں کروڑوں روپے وصول کرکےسرکاری اراضی  کاروباری شخص کوفروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ مدعی میاں عتیق الرحمن نے عدالت میں دائر  درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ تقریبا دو ڈھائی برس پہلے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام اور انکے بیٹے فیصل اکرام، انکے بھائی عبدالرحمن اور بھتیجے عدیل رحمان نے نالہ بھیڈ سے ملحقہ اپنی فیکٹری کے قریب ڈھائی کنال اراضی ا سے فروخت کی تاہم جب اس نے اراضی پر تعمیرات کاکام شروع کیا تو اسے پتہ چلا کہ اراضی سرکاری ہے جس پر اس نے ایم پی اے سے اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا اور رقم واپس نہ ملنے پر مقامی عدالت میں رٹ دائر کردی۔ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ایم پی اے چوہدری اکرام نے جنگ کو بتایا کہ21اے اور22بی کے تحت کوئی بھی شخص مقدمہ درج کروانے کے احکامات حاصل کرسکتا ہے حالانکہ مدعی نے تین سال تک زمین کو استعمال کیا اور اس دوران اسے کسی قسم کی شکایت نہ ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انکے خلاف مقدمہ کے اندراج کے پیچھے انکی آرا  ئیں برادری کا بھی ہاتھ ہے کیونکہ وہ انہیں ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔ تھانہ سول لائن کے اہلکاراعجاز نے بتایا کہ انہوں نے عدالت کو اپنے رائے تحریری طور پر بھجوا دی ہے۔مدعی نے جنگ کو رابطہ پر بتایا کہ اس کے ساتھ رکن صوبائی اسمبلی نے دھوکہ کیا ہے اوراس سلسلہ میں انہوں نے ہر سطح پر کوشش کی کہ معاملہ حل ہو لیکن سیاسی اثر رسوخ کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوا تو انہوں نے عدالت کا رخ کیا۔
تازہ ترین